بھٹکل:30؍ جنوری (ایس اؤ نیوز) انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے زیر سرپرستی چلنے والی انجمن ڈگری کالج اینڈ پی جی سنٹر بھٹکل کے پرنسپال پروفیسر مشتاق احمد کے شیخ کو کرناٹکا یونیورسٹی دھارواڑ کی انتظامیہ میں سنڈیکیٹ ممبر کے طورپرنامزد کیاگیا ہے۔
کرناٹکا یونیورسٹی ایکٹ 2000کی دفعہ 30(1) کے تحت اور عزت مآب چانسلر کے حکم کےمطابق پروفیسر ایم کے شیخ کی نامزدگی ہوئی ہے۔ بطور سنڈیکیٹ ممبر اگلے دوسال تک پرنسپال ایم کے شیخ دھارواڑ یونیورسٹی کی سطح پر خدمات انجام دیں گے۔یونیورسٹی سےملحق کالجوں کے پرنسپالوں میں سے چنندہ 10پرنسپالس کو ہر دوسال کی مدت کےلئے سنڈیکیٹ ممبر نامزد کیاجاتاہے۔
خیال رہے کہ کرناٹکا یونیورسٹی دھارواڑ یکم مارچ 1950کو قائم ہوئی تھی ۔ یونیورسٹی کا دائرہ کار دھارواڑ، گدگ ، ہاویری اور اترکنڑا اضلاع پر مشتمل ہے۔ عام طورپر یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ یونیورسٹی سےملحق تمام کالجوں کے نصاب، امتحانات سمیت دیگر سبھی طرح کے انتظامیہ امور کو طئے کرتی ہے۔ پرنسپال ایم کے شیخ کی سنڈیکیٹ ممبر کی حیثیت سے نامزدگی پر انجمن کے صدر مزمل قاضیا، جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل ، ایڈیشنل جنرل سکریٹری اسحق شاہ بندری سمیت سبھی عہدیداران ، اساتذہ اور طلبا نےمبارکبادی دی ہے۔